ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب گروپ آف کالجزملتان کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان کانفرنس کا انعقاد

بدھ 18 فروری 2026 19:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2026ء) ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب گروپ آف کالجزملتان ریجن کے زیر اہتمام پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس بوسن روڈ پر استقبالِ رمضان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مفکرِ اسلام اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی تھے جبکہ صدارت پروفیسر اسامہ بشیر قریشی، ریجنل ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز ملتان ریجن نے کی۔

اپنے خطاب میں علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ رمضان المبارک صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ صبر، تقویٰ، برداشت اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس مقدس مہینے کو اپنی عملی زندگی میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنائیں اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے، اس لیے قرآن پاک کی تلاوت، عبادات اور خدمتِ خلق کو معمول بنایا جائے۔

مہمانانِ اعزاز میں ڈائریکٹر حج پنجاب ملک ریحان عباس کھوکھر اور سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت داؤد جہانیاں ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ رمضان روحانی بیداری اور تزکیہ نفس کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور ہمیں معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔صدرِ تقریب پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کی فکری اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر ملکی سلامتی اور امتِ مسلمہ کی فلاح کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔