کراچی، عالمی یومِ شہری دفاع کے موقع پر فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول کراچی میں تقریب کا انعقاد

اتوار 1 مارچ 2026 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2026ء) عالمی یومِ شہری دفاع کے موقع پر اتوارکوفیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول، گلشنِ اقبال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل ریٹائرڈشاہ سہیل مسعود ، ہلالِ امتیاز، پاکستان نیوی تھے، جبکہ دیگرمہمانوںمیں ڈاکٹر شکیل احمد خان (ریٹائرڈ چیف الیکٹریکل و مکینیکل انجینئر)اور ڈاکٹر اکمل وحید (ماہرِ امراضِ قلب، جامعہ کراچی)شامل تھے۔

تقریب کی صدارت کمانڈنٹ سول ڈیفنس محبوب علی شیخ نے کی۔ اس موقع پر انسٹرکٹرز صاحبان طاہر حسین شیخ، محمد عارف، عمیر عارف اور محمد فیصل ندیم نے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ کمانڈنٹ محبوب علی شیخ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں شہری دفاع کی گراں قدر خدمات، ادارے کی پیشہ ورانہ تربیت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ علاقائی و عالمی حالات کے تناظر میں اس امر پر زور دیا کہ جنگی یا ہنگامی کیفیت میں شہری دفاع کا کردار مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے، لہذا عوامی آگاہی اور عملی تربیت وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔عالمی یومِ شہری دفاع کے سلسلے میں ٹریننگ اسکول کے مختلف مقامات پر آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں معزز مہمانانِ گرامی سمیت سول ڈیفنس جنرل انسٹرکٹر کورس اور فائر پریوینشن اینڈ سیفٹی کورس کے شرکا نے بھرپور شرکت کی۔

شرکا نے قومی جذبے کے تحت پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ بعد ازاں شرکا جلوس کی صورت میں سول ڈیفنس ہال پہنچے جہاں ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، ممکنہ جنگی خطرات اور دیگر ہنگامی حالات سے موثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور عملی تیاری کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی شاہ سہیل مسعود نے خصوصی خطاب بھی کیا اور قومی سلامتی و شہری دفاع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تقریب کے اختتام پر کمانڈنٹ محبوب علی شیخ کے ہمراہ سینئر انسٹرکٹر طاہر حسین شیخ، انسٹرکٹر محمد عارف، انسٹرکٹر فیصل ندیم اور انسٹرکٹر عمیر عارف نے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی کو پھولوں کے گلدستے اور یادگاری شیلڈز(سووینئرز)پیش کیں۔ آخر میں کمانڈنٹ محبوب علی شیخ نے مہمانِ خصوصی سمیت سابق سول ڈیفنس کمانڈنٹ سرفراز حسین جعفری اور عارف معین، سابق سینئر انسٹرکٹرریسکیو مسعود الہی، طارق معین، ڈائریکٹر پی آئی اے، طاہر زمان ڈائریکٹر ٹیلی نار، ندیم ظفر ، ایاز(سٹی فائر اسٹیشن انسٹرکٹر)، عظمت، سعید اختر جدون (چیف فائر آفیسر کے پی ٹی)کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد ادارے کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔