Live Updates

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا امریکہ،اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں، ان کے نتیجے میں ایرانی قیادت، عام شہریوں، طلبہ کی شہادتوں پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار

پیر 2 مارچ 2026 21:34

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر،سابق چیئرمین معائینہ و عملدرآمد کمشن صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے امریکہ،اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں، ان کے نتیجے میں ایرانی قیادت، عام شہریوں، طلبہ کی شہادتوں پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت ایرانی قیادت، مسلح افواج کے سربراہ عبدالرحیم موسوی،سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد، پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور، وزیر دفاع جنرل عزیز ناصر دیگر اعلیٰ شخصیات، خواتین و بچوں، عام شہریوں، معصوم طالب علموں کی شہادتیں پوری انسانیت کے ضمیر پر گہرا زخم ہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اشفاق ظفر نے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں ان حملوں سے خطے کے امن کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں، اسرائیل، امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں نے پوری امت مسلمہ کو ایک کڑے امتحان میں ڈال دیا ہے، جس پر اب خاموشی نہیں بلکہ اجتماعی، موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے،صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر نے مزید کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور، اصولی حمایت کرتے رہے ہیں، اسی لیے نہ صرف ایران، پاکستان بلکہ جموں و کشمیر کے دونوں اطراف کے عوام بھی سوگوار ہیں، ایرانی قوم، بالخصوص پاسدارانِ انقلاب گارڈز، دیگر اداروں سے وابستہ شہداء کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،کشمیری عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں ،بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ایک منظم عالمی سازش کا حصہ محسوس ہوتی ہے جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا،مسلم ممالک کو کمزور کرنا ہے،شہیدایرانی سپریم لیڈرنے ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی وہ عالم اسلام میں مزاحمت، حوصلے،استقامت کی علامت تھے ان کی قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی، آنے والی نسلیں ان کی جدوجہد کو یاد رکھیں گی،پاکستان، ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی رشتے قائم ہیں،پاکستانی،کشمیری قوم اس غم کی گھڑی میں ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کشمیری قوم ایرانی عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، ہم ایرانی قوم کے حوصلے،اتحاد کو سلام پیش کرتے،اسلامی ممالک کے سربراہان عالمی برادری خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اسرائیل، امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بن پائے،اگر ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کی گئی تو یہ بین الاقوامی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے،آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہدائے ایران کو بلند درجات ،جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ایران سمیت پوری امت مسلمہ کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے۔

۔۔۔۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات