Live Updates

ایران اسرائیل جنگ: خطہ بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے، ریاض بوضدار

جمعرات 5 مارچ 2026 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2026ء) مسلم لیگ (ن)پی ایس 123 اور این اے 247 نیو کراچی ضلع وسطی کے صدر ریاض بوضدار نے ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطی میں بھڑکنے والی یہ آگ عالمی امن کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطہ اس وقت بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے اور کسی بھی بڑی طاقت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی پوری دنیا کو شدید بحران میں مبتلا کر سکتی ہے۔

ریاض بوضدار نے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو انتہائی نازک اور خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے میں بے چینی اور اضطراب کو بڑھا دیا ہے، جبکہ عالمی طاقتوں کے درمیان براہِ راست تصادم کے خدشات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگیں کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتیں بلکہ یہ صرف تباہی، خونریزی اور انسانی المیوں کو جنم دیتی ہیں۔ ریاض بوضدار نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری اور مثر سفارتی اقدامات کے ذریعے کشیدگی کم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صورتحال مزید بگڑنے سے بچائی جا سکے۔ ریاض بوضدار نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، اور موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ مسلم امہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس تنازع کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس کے سیاسی، معاشی اور انسانی اثرات پوری دنیا، خصوصا ترقی پذیر ممالک پر گہرے اور دیرپا ہوں گے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات