Live Updates

تیل کے ذخائر پر مبینہ شدید بمباری کے نتیجے میں ایران کو سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا ہو سکتا ہے،محکمہ موسمیات

پیر 9 مارچ 2026 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2026ء) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں تیل کے ذخائر پر اسرائیل اور امریکا کی جانب سے مبینہ شدید بمباری کے نتیجے میں ایران کو سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم پاکستان میں فی الحال اس کے براہِ راست اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تہران اور اس کے گرد و نواح میں رپورٹ ہونے والی بلیک ایسڈ رین (سیاہ تیزابی بارش) اس ماحولیاتی آلودگی کی ایک ممکنہ علامت ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق ایران سے موسمیاتی ڈیٹا اس وقت مکمل طور پر موصول نہیں ہو رہا کیونکہ جنگ کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، تاہم صورتِ حال کو سیٹلائٹ ڈیٹا کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تہران جغرافیائی طور پر پاکستان کے شمال مغرب میں واقع ہے، اس لیے اگر آلودگی کے اثرات پھیلتے بھی ہیں تو ان کا رخ زیادہ تر افغانستان کی جانب ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بتایا کہ ایران کا جنوبی علاقہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کے قریب واقع ہے، تاہم تہران میں پیدا ہونے والی آلودگی کا پھیلاؤ فی الحال وسیع علاقے تک نہیں دیکھا جا رہا۔حکام کے مطابق تیل کے ذخائر میں آگ لگنے سے کاربن کے اخراج میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے بالائی فضائی سطح پر درجہ حرارت بڑھنے کا خدشہ ہے، درجہ حرارت میں اضافے کے باعث فضا میں نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت بھی بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں ملحقہ علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے نظام پر اثرات پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے مغربی ہواؤں کے ساتھ آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی حصوں تک آسکتے ہیں، ان آلودہ ذرات اور گیسز کے باعث مغربی علاقوں میں فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں 9 تا 12 مارچ ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں 9 تا 12 مارچ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار میں بھی 9 تا 11 مارچ بادل برسنے کا امکان ہے، بارشوں سے بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کمی متوقع ہے، کے پی اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، سیاح محتاط رہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات