پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون ،جعلی و مضر صحت اشیا کی کھیپ پکڑ لی

منگل 17 مارچ 2026 11:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے 60 ہزار205 کلو گرام جعلی و مضر صحت اشیا کی کھیپ پکڑ لی۔ اسدوران2 فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ایک شربت یونٹ کو بند کر دیا گیا جبکہ10 پوائنٹس کو مجموعی طور پر4 لاکھ60 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی اشیا میں56 ہزار25 کلو پاڈر،3 ہزار 750 لیٹر کولڈ ڈرنکس،108 لیٹر شربت،3 من سے زائد مربہ، مضر صحت رنگ اور پیکنگ میٹریل شامل تھا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں اکبری منڈی، بحریہ ٹائون ، ایم ایم عالم روڈ، ڈھلوان روڈ اور فیروزوالا کے علاقوں میں کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہاکہ یونٹس میں ممنوعہ رنگوں اور فلیورز کی ملاوٹ سے مشروبات تیار کیے جا رہے تھے جبکہ غیر فلٹر شدہ پانی کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، جبکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔