وزیر صحت زیر تعمیر جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا جائزہ لینے پہنچ گئے

خواجہ سلمان رفیق نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا

منگل 24 مارچ 2026 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق جاری پیش رفت کا جائزہ لینے زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پہنچ گئے۔چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم اور ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر عامر رفیق بٹ بھی ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ سے مائرہ علی و کنٹریکٹرز نے جاری پیش رفت بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی اور او پی ڈی کو انشا اللہ بہت جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب 15 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے۔اس ادارے میں مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی کارڈیک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔جے آئی سی لاہور پر آئی ڈیپ سمیت تمام متعلقہ ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔انشا اللہ اس کارڈیالوجی ہسپتال کو بروقت مکمل کر رہے ہیں۔جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سے پنجاب کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کرنے اور ان کی گھرکی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔اس کارڈیالوجی ہسپتال میں آنے والے مریضوں کوبہترین سرجنز، آپریشن تھیٹرز و علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔