قرارداد پاکستان کی یاد میں ملک بھر کی طرح ٹنڈوالہیار میں بھی یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

منگل 24 مارچ 2026 22:53

ٹنڈوالہیار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) قرارداد پاکستان کی یاد میں ملک بھر کی طرح ٹنڈوالہیار میں بھی یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا ، اس موقع پر ٹنڈوالہیار میں استحکام پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ترجمان سید سکندر شاہ نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے ، مصر ، سعودیہ ، ترکیہ اور قطر جیسے ممالک پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں ، پاکستان اسلامی دنیا کے ماتھے کا جھومر بن چکا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں راجا ناصر عباس جیسے لوگ فتنہ اور انتشار پھیلا رہے ہیں ، وہ فیلڈ مارشل اور پاکستان کے عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں اور نوجوانوں کے ذہنوں میں پاک فوج کے خلاف وسوسے بھی پیدا کر رہے ہیں ، 23 مارچ 1940 کو جس انداز میں قوم متحد تھی آج یوم پاکستان کے موقع پر بھی اسی اتحاد کی ضرورت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اورنگزیب فاروقی کے اعلان کے مطابق جمعہ 27 مارچ کو ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان منائیں گے ، نماز جمعہ کے اجتماعات میں علما کرام دفاع پاکستان کے عنوان پر بیانات فرمائیں گے ، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہم اسرائیل و امریکہ کے مخالف ہیں ، ان دونوں کی مخالفت جاری رہے گی ، کنونشن میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ﷺ کے ضلعی امیر مولانا راشد محبوب ، پاکستان سنی تحریک مرکز کے ضلعی صدر سائیں سرور شاہ ، پاکستان سنی تحریک سٹی کے صدر نظیر احمد کمبوہ ، مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد سلیم کشمیری ، عوام پاکستان پارٹی کے ضلعی صدر محمد اکرم جٹ ، سنی رابطہ کونسل کے ضلعی جنرل سیکرٹری کلیم اللہ قائم خانی ، ٹنڈوالہیار علما کمیٹی کے مولانا کاشف حنفی ، سندھ سماج کے اشفاق امجد قائم خانی ، پاکستان راہ حق پارٹی سٹی کے صدر نعمان خانزادہ ، مزدور یونین کے سید سلیم کمانڈو ، ٹیکسی یونین کے صدر ریاض احمد جٹ اور متحدہ عباسیہ انٹرنیشنل کے ضلعی صدر انجینئر رضوان عباسی سمیت مختلف فلاحی و سماجی رہنماں و شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔