اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور آندھی کا الرٹ جاری

بدھ 25 مارچ 2026 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور آندھی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں سے داخل ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

کچھ مقامات پر ژالہ باری اور شدید آندھی کا بھی امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی، منڈی بہاؤالدین خوشاب، سرگودھا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، نارووال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر، رحیم یار خان شامل ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں:چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، پاراچنار، پشاور میں بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، آواران، واشک، پنجگور، تربت، گوادر، لسبیلہ، کیچ جبکہ سندھ میں کشمور، جیکب آباد، سکھر، شہدادکوٹ، خیرپور، لاڑکانہ کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غزر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، وادی نیلم کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب، لسبیلہ اور خیبر پختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان، صوابی سمیت کئی اضلاع میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی پانی کی خطرے سمیت تیز ہواؤں کے چلنے کا امکان ہے این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

گاڑیاں احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ نیز تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح اور مسافر موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔۔۔۔ اعجاز خان