Live Updates

صدر لاہور چیمبر کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین

ہفتہ 28 مارچ 2026 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے عالمی دباؤ اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے عوام اور کاروباری برادری دونوں کو نمایاں ریلیف ملا ہے۔

اپنے بیان میں فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے باعث دنیا اس وقت ایک غیر معمولی توانائی بحران کا سامنا کر رہی ہے جس نے عالمی توانائی منڈیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں ایندھن کی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور غیر یقینی معاشی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے، ایسے حالات میں پاکستان کا عوام کو فوری قیمتوں کے اضافے سے بچانا ایک بروقت اور قابلِ تحسین فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 95 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز مسترد کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت مشکل حالات میں بھی عوامی مفاد اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں صنعتی لاگت، ٹرانسپورٹ اخراجات، زرعی سرگرمیوں اور مجموعی مہنگائی پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں، اس لیے قیمتوں کو برقرار رکھنا مہنگائی کے مزید دباؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ہمیشہ توانائی کی قیمتوں میں استحکام کو معاشی ترقی اور صنعتی تسلسل کے لیے ضروری قرار دیتی رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے مالی بوجھ خود برداشت کرنا عوام دوست معاشی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوگا۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی، ترقیاتی اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کے اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عالمی قیمتوں کے مطابق فوری اضافہ کر دیا جاتا تو ملک میں مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہو سکتی تھی جس سے صنعت، تجارت اور عام گھریلو صارفین متاثر ہوتے۔فہیم الرحمن سہگل نے دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی نظام متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے کو بھی مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کم آمدنی والے طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور سرکاری وسائل کے ضیاع میں کمی آئے گی۔

ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت اور موثر نظام کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی معاشی حالات میں حکومت اور عوام دونوں کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ توانائی کے محتاط استعمال، غیر ضروری سفر سے گریز اور کفایت شعاری کو فروغ دے کر ہی ملک معاشی مشکلات پر قابو پا سکتا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات