وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذر داری کیس مسترد

منگل 31 مارچ 2026 13:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2026ء) الیکشن ٹربیونل نے لاہور سے قومی اسمبلی حلقہ این اے 127 سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک ظہیر عباس کھوکھر کی طرف سے دائر انتخابی عذر داری کیس کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے کیس کی سماعت کی۔

قبل ازیں عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ منگل کو الیکشن ٹربیونل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دائر انتخابی عذرداری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ الیکشن ٹربیونل نے قرار دیا کہ انتخابی عذرداری تکنیکی بنیادوں پر غلط، بے بنیاد اور ناقابل سماعت ہے۔الیکشن ٹربیونل نے فیصلے میں نشاندھی کی ہے کہ درخواست گزار اپنے الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹربیونل کے روبرو درخواست گزار ملک ظہیر عباس کھوکھر نے عام انتخابات میں این اے 127 سے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔ دوران سماعت درخواست گزار متعدد بار تاریخیں لیتے رہے اور کیس ملتوی کرنے کی درخواستیں بھی دائر کرتے رہے۔سماعت کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے بیرسٹر حارث عظمت پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ درخواست قانونی تقاضے پورے نہیں کرتی اور اس میں ٹھوس شواہد کا فقدان ہے۔الیکشن ٹربیونل نے قرار دیا کہ شواہد پیش نہ کرنے اور درخواست کے قابل سماعت نہ ہونے کے باعث انتخابی عذر داری خارج کی جاتی ہے۔سماعت کے موقع پر وزیراعظم کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر سید توصیف شاہ بھی عدالت میں موجود تھے۔