کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت ہزارہ کمیونٹی کیساتھ اجلاس،امن و امان کی بہتری کے لیے سکیورٹی پلان کا ازسرِ نو جائزہ

پیر 13 اپریل 2026 19:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2026ء) کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ہزارہ کمیونٹی کااعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی عبدالصمد گورگیج، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ایس ایس پی آپریشن آصف خان، ایس پی سکیورٹی پولیس نعیم اچکزئی ،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ بلوچستان شیعہ کانفرنس، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، شیعہ علما کونسل، ہزارہ جرگہ، قومی مرکز، انجمن تاجران اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کوئٹہ شہر میں امن و امان کی بہتری کے لیے سکیورٹی پلان کا ازسرِ نو جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہزارہ کمیونٹی کے تعاون سے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جبکہ شہر میں پولیس پٹرولنگ میں بھی مزید اضافہ کیا جائے گا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کررہی ہیں۔

اس کے علاوہ متعلقہ روٹس پر موثر پٹرولنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر کوئٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے تعاون سے سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر اور فول پروف بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ڈی آئی جی پولیس عمران شوکت نے اس موقع پر کہا کہ عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں۔