پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت خراب، ہسپتال منتقل

کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کیا گیا ہے، ڈاکٹر مکمل چیک اپ کے بعد تفصیلات بتائیں گے؛ وکیل رانا مدثر عمر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 24 اپریل 2026 15:23

پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت خراب، ہسپتال منتقل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری کو جیل میں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، ان کے وکیل رانا مدثر عمر کا کہنا ہے کہ اعجاز چوہدری کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کیا گیا ہے، ڈاکٹر مکمل چیک اپ کے بعد تفصیلات بتائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے بزرگ رہنما اعجاز چوہدری کو طبعیت کی خرابی کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریک انصاف سے جاری بیان میں پارٹی کا مؤقف ہے کہ ناصرف اعجاز چوہدری بلکہ دیگر بزرگ قیادت اور سینکڑوں کارکنان کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ تمام بزرگ اور بیمار قیدیوں کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں قانون کے مطابق ضمانت پر رہا کیا جائے، نام نہاد اور شرمناک مقدمات اور ٹرائلز فوری طور پر ختم کیے جائیں، پارٹی نے زور دیا ہے کہ چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ معیاری اور بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر دہراتی ہے کہ سیاسی انتقام، غیر قانونی حراست اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، ریاست اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور انصاف کے تقاضے فوری طور پر پورے کیے جائیں۔