اعجاز چوہدری طبیعت ناسازی کے باوجود ہسپتال سے واپس جیل منتقل

ڈاکٹرز کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال میں داخل کرنے کی تجویز دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 اپریل 2026 19:04

اعجاز چوہدری طبیعت ناسازی کے باوجود ہسپتال سے واپس جیل منتقل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2026ء) اعجاز چوہدری طبیعت ناسازی کے باوجود ہسپتال سے واپس جیل منتقل، ڈاکٹرز کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال میں داخل کرنے کی تجویز دی گئی۔ اعجاز چوہدری کو طبیعت ناسازی کے باعث چیک اپ اور ٹیسٹوں کے لیے لاہور میں قائم پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اعجاز چوہدری کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرنا ضروری ہے تاہم جیل حکام نے طبی معائنے اور ٹیسٹوں کے بعد اعجاز چوہدری کو دوبارہ کوٹ لکھ پت جیل منتقل کردیا۔

جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بزرگ رہنما اعجاز چوہدری کو طبعیت کی خرابی کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریک انصاف سے جاری بیان میں پارٹی کا مؤقف ہے کہ ناصرف اعجاز چوہدری بلکہ دیگر بزرگ قیادت اور سینکڑوں کارکنان کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ تمام بزرگ اور بیمار قیدیوں کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں قانون کے مطابق ضمانت پر رہا کیا جائے، نام نہاد اور شرمناک مقدمات اور ٹرائلز فوری طور پر ختم کیے جائیں، پارٹی نے زور دیا ہے کہ چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ معیاری اور بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔

مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر دہراتی ہے کہ سیاسی انتقام، غیر قانونی حراست اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، ریاست اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور انصاف کے تقاضے فوری طور پر پورے کیے جائیں۔