انجمن ترقی پسند مصنفین کراچی کے انتخابات میں تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب

اتوار 26 اپریل 2026 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2026ء) انجمن ترقی پسند مصنفین کراچی کے انتخابات منعقد ہوئے، تمام عہدیدار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے جبکہ گیارہ رکنی گورننگ باڈی بھی منتخب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے گل رنگ ٹیرس میں انجمن ترقی پسند مصنفین کراچی چیپٹر کے سال 2026-27 کے انتخابات تین رکنی الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جس میں انجمن ترقی پسند مصنفین سندھ کے صدر ریاض شاہد دایو، نامور دانشور عبدالحمید منگی اور معروف بلوچی ادیب واحد بلوچ شامل تھے۔

اس موقع پر انجمن کے رجسٹرڈ 25 ووٹرز نے شرکت کی۔انتخابی عمل کے دوران شریک اراکین نے مختلف عہدوں کے لیے نامزدگیاں پیش کیں، جن میں صدارت کے لیے منصور کھوکھر، نائب صدر کے لیے پروفیسر ساجدہ چنا، جنرل سیکرٹری نعیم شیخ، جوائنٹ سیکریٹری کے لیے ایڈووکیٹ واحد بخش ناریجو، پریس سیکریٹری کے لیے لیاقت عباسی اور خزانچی کے لیے ولیم صادق شامل تھے۔

(جاری ہے)

انتخابی عمل میں شریک تمام 25 اراکین نے اپنی جمہوری رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان نامزدگیوں کی حمایت کی، جبکہ ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہ آیا۔ بعد ازاں الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ریاض شاہد دایو نے مذکورہ عہدیداران کی بلا مقابلہ کامیابی کا اعلان کیا۔عہدیداران کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کے گیارہ اراکین بھی منتخب کیے گئے، جن میں منصور کھوکھر اور نعیم شیخ کے علاوہ گل محمد منگی، کرم علی شاہ کرم، عبدالغفور کتری، قمر جہاں قمر، خاصخیلی لطیف راولانی، محمد یونس مہر، مہیش کمار، اے بی منگی، امین جویو، سرور سمیجو اور اظہر بانبھن شامل ہیں۔