لاڑکانہ، عدالت نے ملزم کو تیس سال قید با مشقت 60 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی

بدھ 29 اپریل 2026 21:13

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) لاڑکانہ کے قریب پولیس مقابلے میں گرفتار نصیر احمد جاگیرانی پر جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت نے ملزم کو تیس سال قید با مشقت اور 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنا دی۔ لاڑکانہ کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج الطاف حسین دایو کی عدالت میں سال 2023 کے دوران دھامراہ تھانے کی حدود میں پیش آنے والے پولیس مقابلہ کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم نصیر احمد جاگیرانی کو 30 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ واضح رہے کہ سال 2023 میں لاڑکانہ میروخان روڈ پر پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا تھا، جس کے دوران پولیس اہلکار آصف علی کورائی شدید زخمی ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نصیر احمد جاگیرانی کو پسٹل سمیت گرفتار کر لیا تھا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت سرکار کی مدعیت میں تین ملزمان نصیر احمد جاگیرانی، بخشل عرف گڈو اور وقار عرف وکو کے خلاف پولیس مقابلہ اور دفعہ 13 ڈی کے تحت دو الگ الگ مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔