حکومت مزدوروں اورمحنت کشوں کےحقوق کےتحفظ، فلاح وبہبوداوران کےوقار کویقینی بنانےکیلئے کوششیں جاری رکھےگی، لطیف اکبر

جمعرات 30 اپریل 2026 21:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ حکومت مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور ان کے وقار کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یکم مئی ہمیں اُن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف مزدور طبقے کی جدوجہد کا اعتراف ہے بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتا ہے، اس لیے ہمیں ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد عوامی حقوق، جمہوریت اور محنت کش طبقے کے تحفظ کے اصولوں پر رکھی گئی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم محنت، دیانت اور خلوص نیت کے ساتھ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے مل کر کام کریں گے۔