کراچی چیمبر کا وفد دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے بنگلہ دیش،سری لنکا روانہ

جمعرات 30 اپریل 2026 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کا ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد سینئر نائب صدر کے سی سی آئی محمد رضا کی قیادت میںجمعرات کے روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ایک ہفتہ طویل دورے پر روانہ ہوا۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

وفد میں ممتاز برآمد کنندگان، صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری شخصیات شامل ہیں جو ٹیکسٹائل، زرعی اجناس، غذائی مصنوعات، تعمیراتی میٹریل، صنعتی سامان اور ویلیو ایڈیڈ مصنوعات سمیت اہم شعبہ جات کی نمائندگی کر ر ہے ہیں۔ دورے کے دوران کے سی سی آئی کا وفد بنگلہ دیش اور سری لنکا میں نمایاں چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور کاروباری برادری کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا ایک سلسلہ منعقد کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حکومتی حکام، پالیسی سازوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی ملاقاتیں طے ہیں جن میں تجارتی سہولت کاری، مارکیٹ تک رسائی، اور مشترکہ سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سینئر نائب صدر کے سی سی آئی محمد رضا نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کی برآمدات کے فروغ اور علاقائی معیشتوں کے ساتھ اقتصادی روابط کو مستحکم کرنے کیلئے کے سی سی آئی کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا دونوں تجارت کے فروغ کیلئے نمایاں امکانات رکھتے ہیں، بالخصوص ٹیکسٹائل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، تعمیراتی میٹریل اور صنعتی شعبوں میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفد اپنے ہم منصبوں کے ساتھ فعال انداز میں روابط استوار کرے گا تاکہ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دیا جا سکے پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جا سکیں اور تجارتی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

یہ دورہ کے سی سی آئی اور متعلقہ اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کا بھی باعث بنے گا، جس سے بزنس ٹو بزنس روابط میں تسلسل اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داریوں کی راہ ہموار ہوگی۔کے سی سی آئی کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے، بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کو فروغ دینے، تجارتی سفارتکاری کو مضبوط بنانے اور عالمی منڈیوں میں ترقی کے بامعنی مواقع پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔