پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور آذربائیجان کے ساتھ اسٹریٹجک مذاکرات

جمعرات 30 اپریل 2026 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کانگریس کے تناظر میں اپنی بین الاقوامی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور آذربائیجان کے ساتھ اعلی سطح کے دوطرفہ مذاکرات کئے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں فٹبال کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی اور انڈونیشین فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ایرک تھوہر کے درمیان 'یوتھ ڈویلپمنٹ'اور تبادلے کے پروگراموں پر بات چیت ہوئی۔ اس کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈونیشیا کے وسیع گراس روٹ سسٹم تک رسائی دینا ہے۔ ترک فیڈریشن کے سربراہ ابراہیم ایتھم کے ساتھ ملاقات میں کوچز کی تربیت، ریفریز کی ترقی اور تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان کی تکنیکی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

فٹبال آسٹریلیا کے نمائندے اسحاق اینٹلر کے ساتھ مذاکرات میں ہائی پرفارمنس ٹریننگ ماڈلز اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پائیدار فریم ورک کی تیاری پر تبادلہ خیال ہوا۔آذربائیجان کے روشن نجف کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں 'فٹبال' کی ترقی اور دوطرفہ تبادلے کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ گراس روٹ لیول پر فٹبال کی مقبولیت بڑھائی جا سکے۔

وینکوور میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں صدر پی ایف ایف کے ہمراہ نائب صدر حافظ ذکا اللہ اور سی او او شاہد نیاز کھوکھر بھی موجود تھے۔ پی ایف ایف کی قیادت اس 'فٹبال سفارت کاری' کے ذریعے بین الاقوامی روابط کو ٹھوس ترقیاتی مواقع میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پاکستان میں گراس روٹ سے لے کر ایلیٹ لیول تک فٹبال کا ایک پائیدار مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔