سی ٹی ڈی پنجاب کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 21 مبینہ دہشتگرد گرفتار

لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ خطرناک دہشتگرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بلوچ لبریشن آرمی سے منسلک عبداللطیف نامی ملزم کو بھی دھماکہ خیز مواد کیساتھ حراست میں لیا گیا

ہفتہ 2 مئی 2026 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 214 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ خطرناک دہشتگرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے عبداللطیف نامی ملزم کو بھی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حراست میں لیا گیا جسے بلوچ لبریشن آرمی سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، 17 ڈیٹونیٹرز، 39 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی، زیر حراست افراد مختلف مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیاں کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔مزید برآں رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی نے 5040 کومبنگ آپریشنز بھی کیے جن میں 18 ہزار 932 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا

متعلقہ عنوان :