Live Updates

ایران اور امریکہ کے درمیان براہِ راست جنگ کے دوبارہ آغاز کا خدشہ

ایران پر دوبارہ جنگ مسلط کیے جانے کے قوی امکانات موجود ہیں، ایرانی افواج امریکہ و اسرائیل کی کسی بھی نئی مہم جوئی یا حماقت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں؛ ایرانی ملٹری ہیڈ کوارٹر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 مئی 2026 12:22

ایران اور امریکہ کے درمیان براہِ راست جنگ کے دوبارہ آغاز کا خدشہ
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2026ء) ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک بار پھر تیزی آگئی ہے، جہاں ایرانی مسلح افواج نے امریکہ کے ساتھ براہِ راست جنگ کے دوبارہ آغاز کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر دوبارہ جنگ مسلط کیے جانے کے قوی امکانات موجود ہیں، شواہد یہ ظاہر کرتے ہیں کہ امریکہ کسی بھی عالمی معاہدے یا عہد نامے کی پاسداری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

ایرانی ملٹری ہیڈ کوارٹر کے نائب سربراہ محمد جعفر اسدی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی 'فارس' کو دیئے گئے اپنے ایک بیان میں امریکہ کی حالیہ پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کے حالیہ بیانات محض "میڈیا اسٹنٹ" ہیں جن کا مقصد زمینی حقائق سے توجہ ہٹانا ہے، امریکہ کے ان بیانات کا پہلا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو گرنے سے روکنا ہے۔

(جاری ہے)

محمد جعفر اسدی نے کہا کہ امریکہ اس وقت اس دلدل سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے جو اس نے خود پیدا کی ہے اور اب وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مہم جوئی کر سکتا ہے، ایرانی افواج امریکیوں کی جانب سے کسی بھی نئی مہم جوئی یا حماقت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، ایران کا دفاعی نظام الرٹ پر ہے اور سرحدوں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات حالیہ دنوں میں سفارتی اور عسکری محاذ پر شدید تناؤ کا شکار رہے ہیں، ایک طرف پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں تو دوسری جانب فریقین کی جانب سے وقفے وقفے سے سامنے آنے والے سخت بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی کی خلیج اب بھی بہت گہری ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات