ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی پاسپورٹ سروس عارضی طور پر معطل

ایسے شہری جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو رہی ہے یا جنہیں تجدید کی ضرورت ہے، وہ سفارت خانے آنے کے بجائے حکومتِ پاکستان کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرائیں؛ سفارتخانے کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 مئی 2026 12:30

ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی پاسپورٹ سروس عارضی طور پر معطل
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2026ء) ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے کی پاسپورٹ سروسز معطل ہوچکی ہے، شہریوں کو آن لائن رجوع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اطلاع سامنے آئی ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر پاسپورٹ کے اجراء اور پراسیسنگ کی خدمات کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسپورٹ سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث مینوئل پراسیسنگ اور بائیو میٹرک کا عمل روک دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں، تاہم جب تک سسٹم مکمل طور پر بحال نہیں ہوتا، سفارت خانے میں پاسپورٹ سے متعلقہ خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

سفارت خانے نے ہم وطنوں کی سہولت کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسے شہری جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو رہی ہے یا جنہیں تجدید (Renewal) کی ضرورت ہے، وہ سفارت خانے آنے کے بجائے حکومتِ پاکستان کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرائیں، انتہائی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو مشورہ ہے کہ وہ سفارت خانے کے ہیلپ لائن نمبرز یا ای میل کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ انہیں متبادل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

سفارت خانے کے حکام نے شہریوں کو ہونے والی اس زحمت پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی سسٹم بحال ہوگا، عوام کو سوشل میڈیا پیجز اور آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا، اگر آپ ابوظہبی یا گرد و نواح میں مقیم ہیں، تو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سفارت خانے کا رخ کرنے سے پہلے فون پر تصدیق کر لیں یا آن لائن سروس کا استعمال کریں تاکہ آپ کا وقت اور سفر ضائع نہ ہو۔