پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی

منصوبے میں میں مجموعی طور پر 24 سٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں 2 سٹیشنز انڈرگراؤنڈ ہوں گے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 مئی 2026 11:40

پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2026ء) پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش کے لیے یہ ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم کیا جائے گا، اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈرگراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی، اس کے علاوہ منصوبے میں ہر سٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے، اس میں مجموعی طور پر 24 سٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں 2 سٹیشنز انڈرگراؤنڈ ہوں گے، منصوبے کے تحت گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا کے علاقوں میں ڈپو قائم کیے جائیں گے، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین بھی تعمیر کی جائے گی۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل سے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائے گا اور شہریوں کو ایک جدید و شاندار سفری نظام فراہم کیا جائے گا، اس کے ساتھ ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جو نظام کی نگرانی اور آپریشن کو یقینی بنائے گا، گوجرانوالہ کے عوام کے لیے یہ منصوبہ ایک اہم تحفہ ثابت ہوگا۔