پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کا عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے جلوسوں کا اعلان

آپ مائنس کرنے والے کون ہوتے ہیں؟ ہم پر امن رہیں گے، اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھو فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے، ہم وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا؛ محمود اچکزئی و دیگر کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 مئی 2026 14:38

پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کا عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2026ء) پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے جلسے جلوسوں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی ، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر، سردار لطیف کھوسہ، عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ہیں، ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے لیکن یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ گلی گلی جائیں گے، ہم اداروں سے کہتے ہیں کہ سیاست آپ کا کام نہیں ہے، مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے، ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت کرے گی، آ پ مائنس کرنے والے کون ہوتے ہیں؟ ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے، ہم پر امن رہیں گے اور اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھو فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے، ہم وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا۔

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سیاست کا واحد محور یہ ہے کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ وفا نبھائیں گے کیونکہ آج عمران خان کے ساتھ پاکستانی قوم کھڑی ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاکستانی قوم کو جھٹلایا جا سکتا ہے، اس ملک میں حرمت کو دھتکارا جا سکتا ہے، یا اس ملک میں آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو وہ بے وقوف ہے ایسا نہیں ہوگا، تاریخ گواہ ہے عوام کے ریلے کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور عوام کا یہ ریلا عمران خان کو آزاد کرائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج عمران خان کی رہائی اور ان کی صحت سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ اہم نہیں، ہم آج پاکستان کے ہر مزدور اور ہر کسان سے کہتے ہیں کہ تمہارا مستقبل، تمہاری حقیقی آزادی، عمران خان کی آزادی سے منسلک ہے، ہم نے اکٹھے لڑنا ہے، ہم نے تمہاری آزادی کے لیے لڑنا ہے، تمہارے روزگار کے لیے لڑنا ہے، عمران خان کا مجھے حکم ہے کہ میں مشاورت اور رہنمائی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے لوں اور ہم ان کی رہنمائی اور مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔

اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہماری جدوجہد پرامن ہوگی اور جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق ہے، پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے، ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، کسان تنظیموں کے پاس جائیں گے، ان کو اپنےساتھ انگیج کریں گے، کسانوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے، یہ پارٹی عمران خان کی ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے۔