پاکستان کے محمد شعیب کی آئی ٹی ایف فیوچرز ٹینس فائنل میں رسائی ، محمد عابد اور مزمل مرتضیٰ نے ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

ہفتہ 2 مئی 2026 19:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) پاکستان کے محمد شعیب نے آئی ٹی ایف فیوچرزٹینس فائنل میں رسائی حاصل کر لی جبکہ محمد عابد اور مزمل مرتضیٰ نے ایم-15 اسلام آباد میں ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ہفتہ کو اسلام آباد میں کھیلے گئے ایونٹ میں ابھرتے ہوئے اسٹار محمد شعیب نے فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 (لیگ-1) اسلام آباد کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

وہ گزشتہ 20برسوں میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔سیمی فائنل میں محمد شعیب نے چین کے فینمنگ مینگ کو یکطرفہ مقابلے میں 1-6، 1-6 سے شکست دے دی۔ شاندار کھیل، اعتماد اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد شعیب نے ہوم کراؤڈ کو خوب محظوظ کیا اور فائنل تک رسائی حاصل کی جو پاکستان ٹینس کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔

(جاری ہے)

خوشیوں میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب پاکستان کے محمد عابد علی خان اکبر اور مزمل مرتضیٰ نے آل پاکستانی فائنل میں ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے تجربہ کار جوڑی عقیل خان اور برکت اللہ کو 2-6، 6-2، 10-7 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔ یہ کامیابی پاکستان کے ڈبلز سرکٹ کی مضبوطی اور گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف مینجمنٹ نے محمد شعیب، عابد اور مزمل مرتضیٰ کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

اعصام الحق قریشی نے کہا کہ یہ پاکستان ٹینس کے لیے ایک تاریخی اور قابلِ فخر لمحہ ہے۔ 30 سال بعد کسی پاکستانی کھلاڑی کو آئی ٹی ایف فیوچرز فائنل میں دیکھنا نہ صرف کھلاڑی بلکہ پورے ملک کے لیے خوشی کی بات ہے، ہمیں پاکستان میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد پر فخر ہے اور یہ دیکھ کر حوصلہ افزا ہے کہ ہمارے کھلاڑی ہوم گراؤنڈ پر بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کا بنیادی مقصد ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا، اے ٹی پی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنا اور پروفیشنل سرکٹ میں آسانی سے آگے بڑھنے میں مدد دینا ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ یہ وژن اب حقیقت بنتا جا رہا ہے۔ پی ٹی ایف کے صدر نے ڈبلز چیمپئنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ عابد اور مزمل کی کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

یہ ان کی محنت، ٹیم ورک اور لگن کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں مزید بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ ہمارے کھلاڑی زیادہ مواقع حاصل کریں، اعتماد بڑھائیں اور عالمی سطح پر مزید کامیابیاں سمیٹیں۔دوسرے سیمی فائنل میں نکیتا ایانن (روس) نے آروِڈ نورڈکوسٹ (سویڈن) کو 4-6، 4-6 سے شکست دی۔مینز سنگلز فائنل پاکستان کےمحمد شعیب اور روس کےنکیتا ایانن کے درمیان دوپہر 12 بجے کھیلا جائے گا۔