وفاقی وزیرداخلہ کا لاہور میں نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ

محسن نقوی کا شملہ پہاڑی نادرا سینٹر میں بے پناہ رش اور اے سی کی بندش پر برہمی کا اظہار، سہولیات بہتر کرنے کا حکم

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 مئی 2026 12:15

وفاقی وزیرداخلہ کا  لاہور میں نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2026ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 24/7 نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینٹر میں بے پناہ رش اور اے سی کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا اور سنٹر پر سہولتیں بہتر کرنے کا حکم دیا، انہوں نے سنٹر میں موجود شہریوں سے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے عمل کے بارے میں بھی پوچھا، اس دوران وفاقی وزیرداخلہ نے مختلف کاؤنٹرز پر جاکر شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رش کو بہتر طریقے سے مینج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’نادرا سنٹر شملہ پہاڑی پہلے بھی وزٹ کر چکا ہوں، صورتحال بہتر تھی لیکن آج شہریوں کا فیڈ بیک اچھا نہیں ملا‘، محسن نقوی نے واضح کیا کہ ’ شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا‘، اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کرچکے ہیں جہاں انہوں نے ہیڈکوارٹرز اور ایف آئی اے اکیڈمی میں جاری اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، دورے کے دوران وزیر داخلہ نے تعمیراتی اور جدید خطوط پر استوار کیے جانے والے کاموں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام سرگرمیاں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کی جائیں۔

بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، بعد ازاں محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایف آئی اے کو مزید مؤثر، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا جائزہ لیا گیا، انہوں نے کہا کہ سال کے اختتام تک ایف آئی اے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔