بیلاروس یوکرین جنگ میں شامل ہونے سے گریز کرے، صدر زیلنسکی کا انتباہ

یوکرین بیلاروس کے ساتھ سرحدی علاقوں میں ہونے والی ہر پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،بیان

اتوار 3 مئی 2026 14:45

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بیلاروس کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ روس کی جنگ میں شامل ہونے سے گریز کرے، جبکہ یوکرین نے دونوں ممالک کی سرحد پر مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ یوکرین بیلاروس کے ساتھ سرحدی علاقوں میں ہونے والی ہر پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔یوکرینی صدر نے اس سے قبل بھی خبردار کیا تھا کہ بیلاروس کو روس کی جنگ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر حملہ کیا تھا، جس کے دوران اس کی افواج نے بیلاروس کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے کیف کی جانب پیش قدمی کی تھی، تاہم بیلاروس براہ راست جنگ میں شامل نہیں ہوا۔زیلنسکی نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں نئی سڑکیں اور توپ خانے کی پوزیشنز قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ یوکرین کا مقف ہے کہ روس بیلاروس میں رہائشی عمارتوں کو استعمال کرتے ہوئے حملے کر رہا ہے تاکہ یوکرینی دفاعی نظام کو چکمہ دیا جا سکے۔