مہنگے ایندھن کے باعث ایئر انڈیا کا 100پروازیں کم کرنے کا فیصلہ

اتوار 3 مئی 2026 20:43

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) مہنگے ایندھن (جیٹ فیول) نے بھارتی ہوا بازی سیکٹر کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے جسکا براہ راست اثر فلائٹ آپریشن پر نظر آنے لگا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایئر انڈیا نے بڑھتے ہوئے اخراجات کے دبائو کے پیش نظر روزانہ تقریباً 100پروازیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کمی گھریلو اوربین الاقوامی دونوں پروازوں پر نافذ ہو گی۔

(جاری ہے)

خصوصا ًیورپ ، شمالی امریکہ ، آسٹریلیا اور سنگاپور جیسے روٹس پر فضائی خدمات میں بڑی کمی دیکھنے میں ملے گی۔ اس وقت ایئر انڈیا روزانہ تقریبا ً1100پروازیں چلاتی ہے لیکن اگلے ماہ جون کے شیڈول میں خاص طور پر بین الاقومی روٹس پر بڑی کٹوتی کی جائے گی۔ پاکستانی حدود کی بندش اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھائوں نے ایئر لائنز کے منافع پر گہرا اثر ڈالا ہے ۔یاد رہے کہ فیڈریشن آف انڈین ایئر لائنز( ایف آئی اے ایل ) جس میں انڈیگو ، ایئر انڈیا اور اسپائس جیٹ شامل ہیں ، پہلے ہی حکومت کو خبر دار کر چکی ہے کہ اگر لاگت کم کرنے کے اقدامات نہ کیے گئے تو خدمات معطل کرنی پڑ سکتی ہیں ۔