معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کے انتظامات مکمل

منگل 5 مئی 2026 23:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کے انتظامات مکمل۔ تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج چیف سیکرٹری خوشحال خان نے نڑول سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف،کمشنر مظفرآباد بدر منیر اور ناظم تعلقات عامہ طارق جمیل درانی سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کل 6 مئی کی شام نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوگی، جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے نامور گلوکار اور اعلیٰ حکومتی شخصیات اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔ تقریب کے دوران قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا جبکہ وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یوم تشکر کے حوالے سے عوام میں بھی زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور شہری اس تقریب میں شرکت کے لیے پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے "معرکہ حق بنیان مرصوص" کے ایک سال مکمل ہونے پر یکم مئی سے دس مئی تک عشرہ یکجہتی افواج پاکستان منایا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں کل آزاد کشمیر بھر میں تقاریب کا انعقاد کر کے کشمیری عوام اپنی بہادر مسلح افواج پاکستان کو معرکہ حق بنیان مرصوص میں شاندار فتح پر خراج تحسین پیش کریں گے۔