الیکشن انتخابی فہرست ہاء کی تیاری،نظر ثانی کےعمل کےلئےجاری شدہ شیڈول میں ابتدائی انتخابی فہرستوں شکایات نمٹانےکےلئے مزید3دنوں کی توسیع

منگل 5 مئی 2026 23:29

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) آمدہ انتخابات 2026 کے لئے آزاد کشمیر کے 33 حلقہ جات اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقہ جات کے لئے انتخابی فہرست ہاء کی تیاری،نظر ثانی کے عمل کے لئے جاری شدہ شیڈول میں ابتدائی انتخابی فہرستوں میں عوام الناس کی جانب سے ریوائزنگ اتھارٹیز کے پاس شکایات اور اعتراضات کے لئے آخری مقررہ تاریخ میں مزید 3 ایام کا اضافہ کر دیا ہے۔

عوام الناس ریوائزنگ اتھارٹیز کے پاس مورخہ 7مئی2026 تک انتخابی فہرست ہاء میں اپنے نام کی درستگی کرواسکتے ہیں۔ اگر کسی اہل رائے دھندہ کا نام انتخابی فہرست میں درج ہونے سے رہ گیا ہے تو وہ بھی متعلقہ فارم پر کوائف درج کرتے ہوئے ریوائزنگ اتھارٹی کے پاس اپنے متعلقہ علاقہ کی انتخابی فہرست میں اپنا نام درج کرواسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی ووٹر کا نام غلط درج ہو گیا ہے تو وہ بھی ریوائزنگ اتھارٹی سے متعلقہ فارم پر کلیم داخل کر سکتا ہے۔

ریوائزنگ اتھارٹیز ان اعتراضات /کلیمز پر مورخہ 8 تا 9 مئی 2026 تک سماعت و فیصلہ جات کریں گے۔ ریوائزنگ اتھارٹی کی جانب سے فیصلہ جات مورخہ 10مئی 2026 کو متعلقہ رجسٹریشن افسران کو ارسال کئے جائیں گے جن کے مطابق رجسٹریشن آفیسرزمورخہ 11مئی 2026 تا 13 مئی 2026 تک انتخابی فہرست ہاء میں اندراج و اخراج اور درستگی کا عمل مکمل کریں گے۔