ایف پی سی سی آئی اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر شیڈو بجٹ پیش کرے گی، عاطف اکرام شیخ

منگل 5 مئی 2026 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی ) کے صدر عاطف اکرم شیخ نے کہا ہے کہ فیڈریشن اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی) کے ساتھ قریبی اشتراک سے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے کر ایک شیڈو بجٹ کے طور پر پیش کرے گی۔

وہ منگل کے روز اپنے دور ہ آئی سی سی آئی کے موقع پر اظہارِ خیال کر رہے تھے جہاں ان کے ہمراہ نائب صدر طارق خان جدون، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین اور دیگر سینئر اراکین بھی موجود تھے۔ آمد پر وفد کا استقبال آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری اور ایگزیکٹو ممبران نے کیا۔

(جاری ہے)

عاطف اکرم شیخ نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کو ملک بھر کے چیمبرز سے بجٹ تجاویز کی بڑی تعداد موصول ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان تجاویز کو یکجا اور مربوط کر کے ایک متفقہ ’’شیڈو بجٹ‘‘ کی شکل دی جائے گی جسے پالیسی سازوں اور متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ذریعے بھی اجاگر کیا جائے گا تاکہ کاروباری برادری کی آواز مؤثر انداز میں قومی بجٹ سازی کے عمل میں شامل ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ اقدام کاروبار میں آسانی، پالیسیوں کے تسلسل اور معاشی سہولت کاری کے فروغ کے لئے ہے جو پائیدار ترقی اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے سردار طاہر محمود کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی متحرک قیادت اور خدمات نے آئی سی سی آئی کے وقار اور کارکردگی کو نمایاں طور پر بلند کیا ہے۔اپنے خطاب میں سردار طاہر محمود نے آئی سی سی آئی کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیمبر کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے وفد نے نائب صدر عرفان چوہدری کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہلِخانہ کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔عرفان چوہدری نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں ان کی آمد اور اظہارِ یکجہتی نے انہیں حوصلہ دیا ہے۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، محمد علی مرزا، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، ملک محسن خالد، روحیل انور بٹ، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سینئر ممبر اسرار مشوانی سمیت بڑی تعداد میں ممبران موجود تھے ۔دورے کے اختتام پر ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پالیسی سازی میں مؤثر کردار ادا کرنے اور پاکستان کی کاروباری برادری کے مسائل کو قابلِ عمل معاشی اصلاحات میں ڈھالنے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔