وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکر گڑھ سانحے پر اظہار افسوس، رپورٹ طلب

منگل 5 مئی 2026 20:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شکر گڑھ میں ملبے تلے دبنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے سانحے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو تمام ممکنہ بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔دوسری جانب نارووال کے علاقے شکر گڑھ میں لُدھڑ گاؤں کے قریب چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ریسکیو 1122 کے مطابق 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق تعمیراتی کام کے دوران اوور لوڈ چھت زمین بوس ہوئی۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو نکال لیا، جبکہ امدادی آپریشن تاحال جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کچھ افراد کو معمولی اور کچھ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر اورنگزیب موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے میں مزید افراد کی تلاش جاری ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔