چانسلرگورنر پنجاب سے پنجاب یونیورسٹی لاکالج انٹری ٹیسٹ مؤخر کرنے کی اپیل، طلبہ پر دوہرا بوجھ ڈالنے کا الزام

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری بدھ 6 مئی 2026 15:49

چانسلرگورنر پنجاب سے پنجاب یونیورسٹی لاکالج انٹری ٹیسٹ مؤخر کرنے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) لا اسٹوڈنٹس فورم کے چیئرمین رانا اویس ایڈووکیٹ نے چانسلر گورنر پنجاب ،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی  سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی لا کالج کے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ میں فوری نظرثانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ لا کالج کے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ نے امیدوار طلبہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ان کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 12 جون کو ختم ہو رہے ہیں جبکہ لا کالج کا انٹری ٹیسٹ 14 جون کو مقرر ہے، جس کی وجہ سے طلبہ کو شدید دباؤ اور دوہرے بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔


رانا اویس کا کہنا تھا کہ خاص طور پر وہ قابل طلبہ و طالبات جو سرکاری لا کالج میں داخلہ لینا چاہتے ہیں، وہ اتنے کم وقت میں مناسب تیاری نہیں کر سکیں گے، جس سے ان کے تعلیمی مواقع متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

کیونکہ ان دنوں وہ اپنے انٹرمیڈیٹ کے پیپروں کی تیاری میں مصروف ہوں گے اور ان کو یونیورسٹی کے این؁تی ٹیسٹ کا منصفانہ ٹائم نہیں مل پائے گا۔
انہوں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور چانلسرگورنر پنجاب سے اپیل کی کہ انٹری ٹیسٹ کی تاریخ میں کم از کم چند ہفتوں کا وقفہ دیا جائے تاکہ طلبہ کو مناسب تیاری کا موقع مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نہ صرف طلبہ کے بنیادی حقوق کے مطابق ہوگا بلکہ انصاف کے تقاضوں کو بھی پورا کرے گا۔
رانا اویس نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ لاکالجز کے طلبہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ  پنجاب یونیورسٹی لا کالج کی جانب سے جلد بازی میں ٹیسٹ کا انعقاد طلبہ کو پرائیویٹ لا کالجز کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہوتی ہے، جہاں بغیر انٹری ٹیسٹ کے صرف لیٹ ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو ایک استحصالی نظام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون کی مساویانہ تعلیم کے اصولوں کے خلاف ہے۔