علاقائی کشیدگی اور توانائی کی غیر یقینی صورتحال کے باوجودملکی صنعتی ترقی کی شرح دوہرے ہندسوں میں داخل ہوگئی ہے، خرم شہزاد

بدھ 6 مئی 2026 13:53

علاقائی   کشیدگی  اور توانائی  کی غیر یقینی صورتحال کے باوجودملکی  صنعتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ علاقائی وجغرافیائی سیاسی کشیدگی اور توانائی کے شعبے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجودملک میں صنعتی ترقی کی رفتار برقرار ہے اوربڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اضافے کی شرح دوہرے ہندسوں میں داخل ہوگئی ہے۔بدھ کوسماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ علاقائی جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں اور توانائی کے شعبے میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے عالمی سطح پر مینوفیکچرنگ اور سپلائی چینز دباؤ کا شکار ہیں ،اس کے برعکس پاکستان کا صنعتی شعبہ غیر معمولی لچک اور استحکام کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں مارچ کے دوران سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مالی سال 2026 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران مجموعی صنعتی نمو 6.5 فیصد تک پہنچ گئی،یہ ترقی کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ آٹو موبائل، خوراک، توانائی، ٹیکسٹائل، تعمیرات اور دیگر صنعتی شعبوں میں وسیع بنیاد پر دیکھی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

خرم شہزادنے کہاکہ اس پیش رفت سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے کہ پاکستان کی صنعتی بحالی نہ صرف مضبوط ہے بلکہ ہمہ جہت اور پائیدار بنیاد پر استوار ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں بیک وقت بہتری اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ معیشت بتدریج استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور صنعتی سرگرمیوں میں تسلسل آ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ اعداد و شمار اس رجحان کو مزید تقویت دیتے ہیں کہ اگر مناسب پالیسی سپورٹ، توانائی کی مسلسل دستیابی اور کاروباری ماحول میں بہتری جاری رہی تو صنعتی ترقی کا یہ سلسلہ آئندہ مہینوں میں مزید مضبوط ہو سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مجموعی معاشی سرگرمی میں وسعت بھی متوقع ہے۔

خرم شہزاد نے کہاکہ صنعتی شعبہ موجودہ عالمی چیلنجز کے باوجود نہ صرف سنبھل رہا ہے بلکہ مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے جو کہ وسیع، متوازن اور دیرپا معاشی بحالی کی واضح علامت ہے۔\932