Live Updates

جکھرانی خاندان میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، آزاد جکھرانی کا پیٹرول پمپ، دکانیں اور بنگلا مسمار

منگل 5 مئی 2026 21:10

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) جکھرانی خاندان میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، ضلعی انتظامیہ کی کارروائی ، آزاد جکھرانی کا پیٹرول پمپ، دکانیں اور بنگلا مسمار۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جکھرانی خاندان میں جاری خاندانی اختلافات شدت اختیار کرگئے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نور واہ کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے میر آزاد خان جکھرانی کا پیٹرول پمپ، متعدد دکانیں اور بنگلا مسمار کر دیا ہے، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی کی جانب سے چند روز قبل اپنے سوتیلے بھائی میر آزاد خان جکھرانی سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی نے جدید مشینری کے ذریعے آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار سمیت دیگر اہم افسران موقع پر موجود تھے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران نہ صرف متعلقہ املاک کو مسمار کیا گیا بلکہ نور واہ کے مقام پر دیگر چند دکانوں کے سامنے قائم چھپرے بھی گرا دیے گئے ، ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ کارروائی خاندانی اختلافات کے باعث نہیں بلکہ ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے تاہم سیاسی حلقوں کی جانب سے اس اچانک کارروائی کو دونوں بھائیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع سے جوڑا جا رہا ہے ، واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب چند روز قبل میر اعجاز حسین جکھرانی نے اپنے سوتیلے بھائی میر آزاد خان جکھرانی سے سوشل میڈیا کے ذریعے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات میر اعجاز جکھرانی کے نوجوان بیٹے میر زید خان جکھرانی کے انتقال کے بعد شدت اختیار کرگئے تھے تاہم میر زید خان جکھرانی کی وفات کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ رپورٹ جاری کی گئی ہے ، یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ آزاد خان جکھرانی اپنے بھتیجے کی تدفین اور تعزیت کے موقع پر شریک نہیں ہوئے جس کے بعد خاندانی تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ، حالیہ کارروائی کے بعد جکھرانی خاندان میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور اطلاعات کے مطابق خاندان دو حصوں میں تقسیم ہوچکا ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔

Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات