مولانا محمد ادریس کے بہیمانہ قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کردی گئی

منگل 5 مئی 2026 21:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی میں ملک کے معروف عالم دین، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور جمعیت علما اسلام کے صوبائی سرپرست و مرکزی مجلسِ شوری کے رکن شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس کے بہیمانہ قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کردی گئی ۔ایوان کے معزز اراکین نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن و امان کی صورتحال پر ایک سنگین سوالیہ نشان قرار دیا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ اراکین اسمبلی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے سانحات سے بچائو کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔قرارداد جمعیت علما اسلام کے مولانا لطف الرحمان، ریحانہ اسماعیل، رابعہ شاہین، سجاد اللہ، محمد ریاض شاہین، ایمن جلیل جان، نیلوفر بی بی، ناپیدہ نور، عدنان وزیر اور عاصمہ عالم سمیت دیگر اراکین کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔