نیو کراچی ٹاؤن میں ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم، شہریوں کو فوری طبی امداد اور ٹھنڈے پانی کے انتظامات

بدھ 6 مئی 2026 00:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ نے عوامی سہولت کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سندھی ہوٹل اور یو پی موڑ کے مقامات پر ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں شہریوں کو فوری طبی امداداور ٹھنڈے پانی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر نے ہیٹ اسٹروک کیمپس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ اسٹاف آفیسر محمد علی بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے بچوں اور بزرگ شہریوں کو اپنے ہاتھوں سے ٹھنڈا پانی پلایا، جسے شہریوں نے سراہا اور انتظامیہ کے اس انسانی ہمدردی کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔عبدالجبار مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر ٹاؤن انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال بھی بروقت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ اسی مقصد کے تحت کیمپوں میں نہ صرف ٹھنڈا پانی بلکہ او آر ایس، ابتدائی طبی امداد اور آرام کے لیے سایہ دار جگہ بھی فراہم کی گئی ہے۔

تربیت یافتہ عملہ ہر وقت موجود ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔مونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ افراد، بچے اور بیمار شہری خصوصی احتیاط کریں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے تیار ہے۔ شہری کسی بھی پریشانی کی صورت میں قریبی ہیٹ اسٹروک کیمپ سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں انہیں فوری امداد فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :