جنوبی کوریا کی سابق خاتونِ اول کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والا جج مردہ پایا گیا

بدھ 6 مئی 2026 11:27

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) جنوبی کوریا کی سابق خاتونِ اول کم کیون ہی کے خلاف ڈوئچے موٹرز کے شیئرز میں ہیرا پھیری اور دیگر الزامات کے اپیل مقدمے کی سماعت کرنے والا جج شن جونگ اوہ بدھ کی علی الصبح عدالت کی عمارت کے قریب پھولوں کی کیاری میں مردہ حالت میں پا یا گیا۔ شنہوا نے یونہاپ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کا احوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیئول ہائی کورٹ کے جج شن جونگ اوہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے عدالت کی عمارت کے قریب پھولوں کی کیاری میں مردہ حالت میں پائے گئے، یہ اطلاع پولیس کو آدھی رات کے قریب موصول ہوئی تھی۔

موقع سے ایک خودکشی کا نوٹ بھی ملا ہے اور پولیس نے موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔یاد رہے کہ پیرکو ایک خصوصی استغاثہ ٹیم نے جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں اپیلیٹ عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا جس کے تحت سابق صدر یون سک یول کی اہلیہ کم کیون ہی کو شیئرز میں ہیرا پھیری اور بدعنوانی سمیت الزامات پر چار سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

28 اپریل کو سیول ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئےکم کیون ہی کی سزا 20 ماہ سے بڑھا کر چار سال کر دی تھی اور 50 ملین وون جرمانہ بھی عائد کیا تھا، تاہم یہ سزا خصوصی استغاثہ کی جانب سے مانگی گئی 15 سال قید سے کم رہی۔ ■