Live Updates

ورلڈ کپ میں شرکت ضمانت سے مشروط، فیفا نے ایرانی فٹ بال فیڈریشن کو مذاکرات کے لیے بلا لیا

بدھ 6 مئی 2026 14:51

ورلڈ کپ میں شرکت ضمانت سے مشروط، فیفا نے ایرانی فٹ بال فیڈریشن کو مذاکرات ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم(فیفا)نے ایرانی فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف آئی آر آئی) کو رواں برس شیڈول فیفاورلڈ کپ 2026میں شرکت سے متعلق درپیش مسائل پر بات چیت کے لئے اپنے ہیڈ کوارٹر زیورخ طلب کر لیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ دعوت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب ایران نے ٹورنامنٹ میں اپنی شرکت کو فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی جانب سے ملنے والی مخصوص ضمانتوں سے مشروط کر دیا ہے۔

ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کا خواہشمند ہے، تاہم یہ شرکت فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی ٹھوس یقین دہانی پر منحصر ہے۔ مہدی تاج کا کہنا تھا کہ میزبان ممالک (امریکہ) کو ہماری مسلح افواج، خاص طور پر پاسدارانِ انقلاب اور ہمارے رہنماؤں کی توہین کا کوئی حق نہیں ہے اگر فیفا ہمیں اس حوالے سے ضمانت دیتا ہے تو ہم ورلڈ کپ میں ضرور جائیں گے، بصورتِ دیگر ٹیم واپس آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور فروری میں امریکہ و اسرائیل کی فضائی کارروائیوں کے بعد سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت پر غیر یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کینیڈا میں ہونے والی فیفا کانگریس میں ایرانی وفد نے شرکت نہیں کی تھی، جس کی وجہ کینیڈین امیگریشن حکام کے ساتھ ہونے والا تنازع بتایا جاتا ہے۔

کینیڈا نے 2024 میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، جس کے باعث ایرانی عہدیداروں کے داخلے پر پابندی ہے۔دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے وینکوور میں خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران شیڈول کے مطابق امریکا میں اپنے میچز کھیلے گا۔ فیفا ذرائع کے مطابق ایرانی فیڈریشن کو 20 مئی تک زیورخ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ورلڈ کپ میں ایران گروپ جی میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ، بیلجیم اور مصر سے ہوگا، جبکہ اس کا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات