ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتیں درست ہیں، فیفا صدر

بدھ 6 مئی 2026 13:02

ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتیں درست ہیں، فیفا صدر
بیورلےہلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا )کے صدر جیانی انفینٹینو نے 2026 کے فٹ بال ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی ہوش ربا قیمتوں کا دفاع کرتے ہوئے انہیں مارکیٹ کی طلب کے عین مطابق قرار دے دیا ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق فٹ بال کے عالمی ادارے کو ان دنوں ٹکٹوں کی قیمتوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جہاں پرستاروں کی تنظیموں نے اسےعوام کے ساتھ دھوکا اوراستحصال قرار دیا ہے۔

بیورلے ہلز میں ملکن انسٹی ٹیوٹ گلوبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیانی انفینٹینو نے کہا کہ امریکا تفریحی دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، اس لئے ہمیں یہاں کے حالات کے مطابق قیمتیں طے کرنا تھیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فیفا کو ٹکٹوں کے لئے50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

فیفا ورلڈ کپ فائنل کے ایک ٹکٹ کی قیمت ری سیل مارکیٹ میں 20 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر کوئی شخص واقعی 20 لاکھ ڈالر میں فائنل کا ٹکٹ خریدتا ہے تو میں ذاتی طور پر اسےہاٹ ڈاگ اور کولڈ ڈرنک پیش کروں گا تاکہ اس کا تجربہ یادگار رہے۔

واضح رہے کہ 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں فائنل کے مہنگے ترین ٹکٹ کی قیمت 1,600 ڈالر تھی جبکہ 2026 کے فائنل کے لئے یہ قیمت بڑھا کر 11,000 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ فیفا صدر کا کہنا تھا کہ گروپ مرحلے کے 25 فیصد ٹکٹ 300 ڈالر سے کم قیمت کے ہیں، جو امریکہ میں کسی عام کالج میچ کی ٹکٹ سے بھی سستے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ اگر فیفا قیمتیں کم رکھتا تو لوگ انہیں خرید کر بلیک میں دگنی قیمت پر فروخت کرتے، جس کا فائدہ اصل ادارے کے بجائے مڈل مین کو ہوتا۔

متعلقہ عنوان :