مظفر گڑھ میں مدرسے کے استاد کا طالبعلم پر مبینہ تشدد، کمرے میں بند کردیا، بدفعلی کا شبہ

بچے کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے تاکہ تشدد کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے اور قانونی کارروائی کو مضبوط بنایا جا سکے؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 12:41

مظفر گڑھ میں مدرسے کے استاد کا طالبعلم پر مبینہ تشدد، کمرے میں بند کردیا، ..
مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں مدرسے کے استاد نے طالبعلم پر مبینہ تشدد کرکے کمرے میں بند کردیا، بدفعلی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں مدرسے کے استاد کی جانب سے طالب علم پر بہیمانہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، یہ واقعہ مظفر گڑھ کے علاقے جتوئی میں پیش آیا ہے جہاں ایک مدرسے کے استاد نے انسانیت کی تذلیل کرتے ہوئے اپنے ہی طالب علم کو مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچے کے چچا نے پولیس کو دیے گئے بیان میں سنگین الزامات عائد کیے ہیں کہ "استاد نے طالب علم کو مکوں اور لاتوں سے نشانہ بنایا، تشدد کرنے کے بعد ملزم نے بچے کو ایک کمرے میں بند کر دیا تاکہ وہ کسی کو بتا نہ سکے"، اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس متحرک ہوگئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے متاثرہ بچے کے چچا کی مدعیت میں ملزم استاد کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے تاکہ تشدد کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے اور قانونی کارروائی کو مضبوط بنایا جا سکے، واقعے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں، اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔


متعلقہ عنوان :