Live Updates

وزیراعظم کا 'پراجیکٹ فریڈم' کی معطلی پر ٹرمپ کے فیصلے کا خیرمقدم، سعودی عرب کے کردار کی تعریف

امید ہے یہ عارضی وقفہ مستقل معاہدے میں بدل جائے گا، پاکستان امریکہ و ایران کے درمیان جاری تناؤ کم کرنے اور امن و آشتی کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا؛ شہباز شریف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 13:23

وزیراعظم کا 'پراجیکٹ فریڈم' کی معطلی پر ٹرمپ کے فیصلے کا خیرمقدم، سعودی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں جاری 'پراجیکٹ فریڈم' کو روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 'پراجیکٹ فریڈم' کو عارضی طور پر معطل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر برادر ممالک کی مشترکہ سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے اس سلسلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کلیدی کردار کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب اور پاکستان کی درخواست پر امریکی ردعمل خطے کو بڑے بحران سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا، موجودہ تعطل مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے، پاکستان ہمیشہ سے طاقت کے بجائے سفارت کاری اور ڈائیلاگ کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی رہا ہے، امید ہے کہ یہ عارضی وقفہ ایک ایسے مستقل معاہدے میں بدل جائے گا جس سے مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا استحکام آئے۔

(جاری ہے)

 اس کے علاوہ اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس عز م کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کم کرنے اور امن و آشتی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ اس حساس وقت میں تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں گے تاکہ عالمی تجارت اور علاقائی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات