ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی بحالی کا کام مکمل، برسوں بعد دوبارہ فعال، جلد فلائٹس کا آغاز ہوگا

یہ اقدام حکومتِ پاکستان اور وزارتِ دفاع کی جانب سے ملک بھر کے غیر فعال ہوائی اڈوں کو دوبارہ زندہ کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے؛ وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 14:14

ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی بحالی کا کام مکمل، برسوں بعد دوبارہ فعال، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی ایک بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اسے برسوں کے تعطل کے بعد دوبارہ فعال کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اعلان کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بحال کرنے کے بعد آپریشنل کر دیا گیا ہے، یہ اقدام حکومتِ پاکستان اور وزارتِ دفاع کی جانب سے ملک بھر کے غیر فعال ہوائی اڈوں کو دوبارہ زندہ کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ گزشتہ کئی سالوں سے نظرانداز کیے جانے کے باعث غیر فعال ہو چکا تھا، وزارتِ دفاع اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ہنگامی بنیادوں پر اس کی مرمت، رن وے کی بحالی اور ٹرمینل بلڈنگ کی تزئین و آرائش مکمل کی تاکہ اسے جدید ہوائی سفر کے قابل بنایا جا سکے، اس ایئرپورٹ کی بحالی سے جنوبی اضلاع کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ یہ منصوبہ نا صرف مقامی مسافروں کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں اور سی پیک سے وابستہ ترقیاتی کاموں میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، وزارتِ دفاع اور پی اے اے ملک بھر میں موجود دیگر تمام غیر فعال ایئرپورٹس کو مرحلہ وار بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ فضائی نیٹ ورک کو وسعت دی جا سکے، اس ضمن میں ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی کامیابی صرف ایک آغاز ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ حکومت ہوا بازی کے شعبے میں اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے مقامی کاروباری طبقے کو بڑے شہروں تک رسائی ملے گی، علاقے میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صوبہ خیبرپختونخواہ کے جنوبی حصوں کا ملک کے دیگر حصوں سے فضائی رابطہ مضبوط ہوگا۔