واسا کو شہر اولیا میں سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنے کا حکم

بدھ 6 مئی 2026 13:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) کمشنر ملتان عامرکریم خاں نے واسا کو شہراولیا میں سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کا حکم دیتے ہوتے واسا سے طویل المدتی سکیمیں طلب کر لیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو یہاں کمشنر ملتان واسا افسران کےساتھ خصوصی میٹینگ کی۔جس میں شہر اولیا کے سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر کمشنر ملتان نےسیوریج نظام کی مکمل اپ گریڈیشن کاحکم دیتے ہوئےکہا کہ آئند ہ 40 سے 50 سال کو مدنظر رکھ کر سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے واسا کو پرانے اور ناکارہ سیوریج نظام کی تبد یلی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں اوور فلو، بند سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے خاتمے کیلئے عملی و موثر اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

عامر کریم خان نے ملتان کے سیوریج اور واٹر سپلائی نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیتے ہوتے کہا کہ شہر اولیا کے دیرینہ سیوریج مسئلے کے حل کیلئے حکومت پنجاب کو مراسلہ بھی بھجوایا جائے گا۔شہری آبادی میں اضافے کے پیش نظر واسا کو انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے نظام بھی بہتر کیا جائے۔

دوران میٹنگ واسا حکام کی جانب سے کمشنر ملتان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی مدمیں سیورج مسائل کے حل کیلئے اربوں روپے کے فنڈز دیئے گئے،شہر اولیا کے سیوریج مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔واسا حکام نے مزید بتایا کہ ملتان شہر میں سیوریج ، واٹر سپلائی کوریج تاحال مکمل نہیں، صرف جزوی آبادی مستفید ہے،شہر کا بڑا سیوریج نیٹ ورک پرانا اور ناکارہ ہوچکا ہے جس پر پی ڈی پی میں کام جاری ہے،ڈسپوزل سٹیشنز اور ٹرنک سیور کی استعداد ناکافی ہے ،پرانے سیوریج سسٹم کے باعث بار بار اوور فلو اور نکاسی کے مسائل جنم لیتے ہیں۔

اس موقع پر واسا حکام کی جانب سے سیوریج نظام کی بہتری اور نئے علاقوں تک توسیع کیلئے منصوبے جبکہ واسا کی پرانے سیور لائنز کی تبدیلی اور نئے نیٹ ورک کی تنصیب بارے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہر میں سٹارم واٹر مینجمنٹ کیلئے بھی منصوبہ بندی جاری ہے،سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری کیلئے ترقیا تی منصوبوں پر تیز سے کام جاری ہے ۔