بھارت ، امرتسر ، جالندھر میں زور دار دھماکے

بدھ 6 مئی 2026 14:17

چندی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) بھارتی پنجاب میں تین گھنٹوں کے اندر2 زور داردھماکوں نے پوری ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پہلا دھماکہ امرتسر کے خاصہ آرمی کینٹ علاقے کے باہر ہوا، جبکہ دوسرا جالندھر میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے سامنے کھڑی سکوٹی میں ہوا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امرتسر دھماکے کے معاملے میں پولیس نے بتایا کہ کسی شخص نے باہر سے دھماکہ خیز مواد پھینکا تھا، جس سے باو نڈری وال پر دھماکہ ہوا۔

تاہم اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ جالندھر میں دھماکہ گزشتہ شام تقریباً سات سے ساڑھے سات بجے کے قریب ہوا۔ خاصہ آرمی کینٹ کی دیوار کی جانچ کے دوران لوہے کے ٹن جیسے ٹکڑے ملے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، موٹر سائیکل پر آئے نقاب پوش افراد نے دھماکہ خیز مواد پھینکا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

دھماکے سے ٹین شیڈ گر گئی اور دیوار کو بھی نقصان پہنچا۔

جالندھر میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے باہر مصروف ترین سڑک پر ہونے والے دھاکے سے دہشت پھیل گئی ۔ یہ سڑک امرتسر ، دلی کو ملاتی ہے۔ ہونڈا موٹر سائیکل میں ونے والے دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسکا ملبہ جائے وقوعہ کے اطراف کئی میٹر میں پھیل گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق جالندھر دھماکے کی ذمہ داری ”خالصتان لبریشن آرمی “ نے قبول کی ہے۔

ان واقعات پر کانگریس کے ریاستی صدر امرندر سنگھ راجہ وڑنگ نے کہا کہ مسلسل ہو رہے دھماکے انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب حکومت ایسی وارداتوں کو روکنے میں کیوں ناکام رہی ہے اور بی جے پی کی مرکزی حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کی مسلسل ناکامی نظام کی کمزوریوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ یاد رہے کہ چند دن پہلے پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں ریلوے لائن پر بھی دھماکہ ہوا تھا جسے علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔