معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ریلی کا انعقاد

بدھ 6 مئی 2026 19:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ واک ایڈمن بلاک سے شروع ہو کریونیورسٹی کلاک ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔ جس میں فیکلٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے چیف آف ڈیفنس فورسزو چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت پاکستانی افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی ہمت، استقامت اور غیر متزلزل ایمان کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرت ناک شکست دی۔ انہوں نے وطن کی خودمختاری کے تحفظ اور قومی وقار کو سربلند رکھنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تاریخی فتوحات ہمیں امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتی ہیں۔