کھیل اور تعلیم کا امتزاج نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،گورنر سندھ کا ورلڈ ایتھلیٹکس ڈے پر پیغام

جمعرات 7 مئی 2026 12:56

کھیل اور تعلیم کا امتزاج نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ورلڈ ایتھلیٹکس ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن نوجوانوں میں صحت مند، متحرک اور مثبت طرزِ زندگی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے، نظم و ضبط پیدا کرنے اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔سید نہال ہاشمی نے قومی کھلاڑیوں ارشد ندیم، نوح دستگیر بٹ اور طلحہ طالب کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات، تربیت اور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کا معیار مزید بہتر ہوسکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کھیل اور تعلیم کا امتزاج نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔