معرکہ حق کا ایک برس: مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگو ں کا جوش و خروش دیدنی،پاکستان کے حق میں ویڈیوز ، پوسٹروں نے دھوم مچا دی

جمعرات 7 مئی 2026 13:39

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری پاکستان کے معرکہ حق کی شاندار کامیابی کو انتہائی جوش وخروش سے منا رہے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف ننگی بھارتی جارحیت اور پاکستان کے بھر پور اور تاریخی جواب کا ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر وادی کشمیر اور جموں سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں ویڈیوز اپ لوڈ کی جارہی ہے۔

سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں کیے جا رہے ہیں۔ویڈیوز میں کشمیریوں کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے’’ پاکستان نے بھارت کے آپریشن سندور کو شکست فاش دی اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، پاکستان کی ائر فورس نے مئی 2025کو جسطرح بھارت کی دھول چٹائی ، کشمیر کی سرزمین اسکی گواہ ہے، بھارت کے چھ جہاز گرائے گئے اور بھارت کا غرور چکنا چور ہوگیا، آج بھارت کو پوری دنیا میں ذلت و رسوائی کا سامنا ہے ، بھارتی میڈیا نے جھوٹ بول بول کر اپنی عوام کو گمراہ کیا اور سبز باغ دکھائے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دیکر عالمی سطح پر خود کو منوا لیا ہے، بھارت اب کشمیرپر اپنا فوجی قبضہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھ سکتا ۔پاکستان عالمی سطح پر ایک انتہائی قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے ، کشمیربھارت کے جابرانہ قبضے سے آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ہم بھارت سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں، کشمیر شاہ ہمدان اور شہداء کی سرزمین ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارا دو قومی نظریے کا رشتہ ہے، ہمیں پاکستان سے بے پناہ محبت ہے اور کشمیر پاکستان کا حصہ ہی"۔

ایک کشمیری پنڈت کی ویڈیوبھی سامنے آئی ہے جس میں وہ کہتے ہیں ’’ میں ایک کشمیری پنڈت ہوں، مئی 2025 میں جب پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تو ہم کشمیری پنڈت اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو جائز سمجھتے ہیں اور بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں، بی جے پی حکومت نے امرناتھ یاترا بھی فرقہ وارانہ ہندوتوا کے ایجنڈے میں تبدیل کر دی ہے اور اسے 57 دنوں تک بڑھانا کشمیر مخالف پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔

‘‘اسی طرح جموں و کشمیر کی سکھ برادری کے پیغام میں کہا گیا کہ ’’ہم کشمیری سکھ اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو جائز سمجھتے ہیں اور بھارتی جارحیت سے آزادی چاہتے ہیں۔بی جے پی کی بھارتی حکومت نے 370 اور 35A کو منسوخ کرکے کشمیریوں کے تمام حقوق چھین لیے ہیں۔ پاکستان زندہ باد! خالصتان زندہ باد۔

‘‘سری نگر اور دیگر علاقوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی تعریف والے پوسٹر چسپاں کیے جا رہے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے ۔خطے میں اسی وقت امن قائم ہو گاجب بھارت جموںوکشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط ختم کر لے گا۔معرکہ حق نے مملکت خداداد پاکستان کی عالمی سطح پر ایک نئی شناخت اور پہنچان دی ، اسکے وقار میں اضافہ ہوا جبکہ بھارت کا غرور وتکبر خاک میں مل گیا۔