نو مئی کے کیسز میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 12جون تک توسیع

جمعرات 7 مئی 2026 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 12جون تک توسیع کر دی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ڈیوٹی جج نے مسلم لیگ (ن) کے دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینرز جلانے سمیت 9مئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان عدالت میں پیش نہ ہوئیں،وکلاء نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے سلسلے میں گئی ہیں۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے بھی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جبکہ سابق وفاقی وزراء اسد عمر، اعظم سواتی سمیت ، جمشید اقبال چیمہ ، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 12جون تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء کو ضمانتوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔