Live Updates

قوم کا دہشت گردی اورفرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ناگزیر ہے‘سردار سلیم حیدر خان

ہفتہ 18 جولائی 2026 22:16

قوم کا دہشت گردی اورفرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ناگزیر ہے‘سردار سلیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ قوم کا دہشت گردی اورفرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ناگزیر ہے، ملک دشمن عناصر ہمارے درمیان نفاق پیدا کرکے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، محرم الحرام کے دوران علمائے کرام اورمذہبی قائدین نے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں و ائس چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب صاحبزادہ پیر سید ضیغم عباس کی سربراہی میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء اور مشائخ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ معاشرے میں امن،اتحاداور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علماء مشائخ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

محرم الحرام کے دوران جس مثالی ماحول کا مظاہرہ ہوااس میں تمام علماء کرام اورمذہبی قائدین کی مثبت رہنمائی قابلِ قدر ہے۔آج بھی اس امر کی ضرورت ہے کہ مذہبی علما محبت،رواداری،اخُوت برداشت اور قومی یکجہتی کا پیغام پھیلائیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔ملک دشمن عناصر ہمارے درمیان نفاق کے ذریعے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ملک میں فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات، خصوصاً ایران اور امریکہ تنازعہ کے پیشِ نظر خطے میں پٹرول مہنگاہونے سے عوام مشکلات کا شکار ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات